تعلیمی ضروریات
شعبہ عربی و فارسی میں حضرات اساتذہ تقریباً آٹھ آٹھ کتب کا روزانہ درس دیتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ان کو کافی دِقّت وپریشانی ہوتی ہے ۔اور زندگی میں راحت نصیب نہیں ہوتی ۔ اس لئے اس شعبہ میں دو اساتذہ کا تقرر انتہائی ضروری ہے ۔ اسی طرح شعبہ تجوید و قرأت کے واسطے مستقل استاذ کا تقرربھی جامعہ کی تعلیمی ضروریات میں داخل ہے۔ نیز حساب و ریاضی کے واسطے بھی مستقل آدمی کا تقرر بےحد ضروری ہے ۔ اِن تمام حضرات کے تقرر کے واسطے سال میں ہزاروں کی رقم کا خرچہ ہے ۔ اور یہ تمام اخراجا ت بھی عامۃ المسلمین کی امداد و عطایا سے پورے ہوں گے ۔

تعمیری ضروریات

دارالاقامہ کے کمروں کی تعمیر میں مزید اضافہ : طلبہ کی تعداد زیادہ ہے چنانچہ بعض اساتذہ کرام کے ساتھ بھی طلبہ رہتے ہیں ۔اس وجہ سے اس کی تعمیر بے حدضروری ہے ۔ تاکہ طلبہ چین و سکون سے رہ سکیں۔

درسگاہوں کی تعمیر: ابھی بتلایا جاچکا ہے کہ حضرات اساتذہ جن کمروں میں رہتے ہیں وہیں درس دیتے ہیں ۔ اس لئے درسگاہوں کی تعمیر بھی انتہائی ضروری ہے ،تاکہ اساتذہ یکسوئی سے مطالعہ کریں اور طلبہ کو بھی بار بار جگہ بدلنے کی وجہ سے دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
مہمان خانہ کی تعمیر:جامعہ ہذا کے اندرہر وقتاً فوقتاًمہمانانِ کرام تشریف لاتے رہتے ہیں ۔اب تک مہمانانِ گرامی کے قیام کا نظم و ضبط دفتر اہتمام میں کیا جاتارہا ہے ۔مگر وہاں دفتر ی امور اور آنے جانے والوں کے ازدحام کی وجہ سے مہمان کو راحت و آرام نصیب نہیں ہوتا تھا۔اس لئے مہمان خانہ کے لئے بھی مستقل تعمیر کا ہونا انتہائی ضروری ہے ۔ تاکہ مہمانوں کو راحت و آرام میسر ہوسکے ۔ اور حدیث نبوی’’من کان یؤمن با للہ والیوم الاٰخرفلیکرم ضیفہٗ ‘‘ پر بطریق اتم عمل ہوسکے ۔

کتب خانہ کی تعمیر:۔ابھی بیان کی جاچکا ہے کہ جامعہ ہذا کی مستقل لائبریری ہے ۔ جس میں کثیر تعداد میں کتابیں موجود ہیں جو مختلف کمروں کی مختلف الماریوں میں رکھی ہوئی ہیں، اس لئے اس کے واسطے بھی مستقل عمارت کی ضرورت ہے ۔ تاکہ تمام کتب یکجا رکھی جاسکیں ۔ اور کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔

 

مطبخ : ۔جامعہ ہذا کے اندر مطبخ کے واسطے کوئی مستقل عمارت نہیں ہے ایک کمرہ ہے جسمیں عارضی طور سے مطبخ کا کام لیا جارہا ہے ۔اس کے واسطے بھی مستقل عمارت کا ہونا ناگریز ہے۔

 

دارالمدرسین (فیملی کواٹر) کی تعمیر:۔جامعہ ہذا میں تمام ہی مدرسین بیرونی ہیں ۔ اور تقریبا ً تمام ہی صاحب اہل وعیال ہیں ۔ وہ مہینہ دو مہینہ میں اپنے اپنے گھروں پر جاتے ہیں ۔جس کی وجہ سے گاہے گاہے اسباق میں ناغہ ہوجاتاہے ۔ اس لئے ارباب ِ جامعہ نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ حضرات اساتذہ کے واسطے مستقل کالونی ضرور تعمیر کرائی جائے ۔ اس لئے تمام اساتذہ کے واسطے تقریباً دس مکانات کا ہونا انتہائی ضروری ہے ۔ جس سے اساتذہ کی ضرورت پوری ہو سکے ۔

 

توسیع مسجد
جامعہ ہذا کی خوبصورت مسجد طلبہ کی تعداد میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے توسیع کی محتاج ہے ۔ اس لئے بالائی منزل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ،اب ایک برآمدہ اور نیاوضو خانہ تعمیر کے واسطے زیر غورہے تاکہ طلبہ و اساتذہ کو وضور کرنے اور نماز ادا کرنے میں دِقّت پیش نہ آئے ۔